۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس کی وفد کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات

حوزہ / چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں وائس چئیرمین علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھی شامل تھے۔

علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا: ملکی خودمختای کے لیے اور بیرونی مداخلت کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا: آزاد خارجہ پالیسی اور داخلی خود مختاری کا بیانیہ پوری پاکستانی قوم کا بیانیہ بن چکا ہے، سیاسی بحران کا واحد حل شفاف الیکشن کے انعقاد میں ہے۔ ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، رجیم چینج میں کردار ادا کرنے والے اپنے اقدامات میں ناکام ہوئے ہیں۔

چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا: عوام کو مختلف ہتھکنڈوں سے پریشان کرنے کے باوجود عوام کی اکثریت نے موجودہ حکمرانوں کی چالبازیوں کو مسترد کردیا ہے۔ عوام کے اندر سیاسی شعور اور بصیرت ضرور رنگ لائے گا کہ ہم نے کسی کا غلام نہیں رہنا، پاکستان اس وقت پیچیدہ ترین سیاسی ومعاشی چیلنجز کا شکار ہے جن سے چھٹکارے کا واحد راستہ شفاف الیکشن میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا: صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کے فیصلے پر بھی ہم عمران خان صاحب کے موقف کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: حقیقی آزادی مارچ میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان اور زعماء کی شرکت قابل تحسین ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ سیاسی اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ملک میں تیزی سے بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال قومی بقاء وسلامتی کے لیے غیر معمولی خطرات کا باعث بن رہی ہے۔ ملکی ترقی کی پائیدار بنیادوں کے لیے آئین و قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .